نوشہرہ میں جلسہ کرنے پر فائرنگ، پی ٹی آئی کے جلسے منسوخ

October 18, 2020

نوشہرہ نواں کلے کے جنازگاہ میں جلسہ کرنے پر دو گروپوں میں لڑائی کے دوران فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق اور دو بھائی زخمی ہوگئے۔ 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فائرنگ کے واقعے بعد پی ٹی آئی کے تینوں جلسے منسوخ کر دیے گئے۔ جلسوں سے وزیر دفاع پرویز خٹک کو خطاب کرنا تھا۔

ڈی پی او نجم الحسنین کے مطابق نوشہرہ میں نواں کلے کے جنازہ گاہ میں تحریک انصاف کی جلسے کی تیاریاں جاری تھیں جس سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو شام پانچ بجے خطاب کرنا تھا۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے خورشید نے پولیس کو بیان دیا کہ جلسے کی تیاری کے دوران تحریک انصاف کے سابق ضلعی کونسلر نوشیر خان، سابق ویلیج ناظم اعجاز خان ان کے بھائی بختاج اور ان کے تین ساتھیوں نے کہا کہ وہ جنازہ گاہ میں جلسہ نہیں ہونے دیں گے۔

زخمی خورشید نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں سے ہاتھا پائی کے بعد ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے شیر عالم جاں بحق اور دو بھائی زخمی ہوگئے۔

ملزمان کی عدم گرفتاری پر مقتول کے ورثاء نے جی ٹی روڈ پر شدید احتجاج کیا تاہم ڈی پی او کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔