سنتھیا رچی کی درخواست، رحمٰن ملک،SP اور SHO سے جواب طلب

October 19, 2020

اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کی رحمٰن ملک کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست پرنوٹس جاری کرتے ہوئے رحمٰن ملک، ایس پی کمپلینٹ، ایس ایچ او سے جواب طلب کرلیا ۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی، سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے وکیل عمران فیروز پیش ہوئے ۔

سنتھیا کی جانب سے دائر درخواست کے متن میں کہا گیا کہ رحمٰن ملک سے گھناؤنے جرم کا ارتکاب ہوا ہے لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جبکہ جسٹس آف پیس نے درخواست مسترد کرتے ہوئے اہم قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا۔

درخواست میںاستدعا کی گئی کہ جسٹس آف پیس کا یکم اکتوبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، ایس پی کمپلینٹ کو حکم دیا جائے کہ وہ رحمان ملک کے خلاف مقدمہ درج کرے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سنتھیا رچی کے وکیل سے استفسار کیا کہ اس بارے میں سپریم کورٹ کا کیا فیصلہ آیا ہے؟ وکیل عمران فیروز نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کرادوں گا۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔