بریسٹ کینسر کی آگہی کے مثبت نتائج آرہے ہیں، پروفیسر نور محمد سومرو

October 20, 2020

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں بریسٹ کینسر کی آگہی کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور اب خواتین کی بڑی تعداد چھاتی کےسرطان کےعلاج کے لئے جلد رجوع کر رہی ہے ۔ چند سال قبل تک اکثر خواتین ایسی حالت میں آتی تھیں جب ان کے پستانوں میں کیڑے پڑ چکے ہوتے تھے اور ان کا مرض آخری مراحل پر ہوتا تھا تو اسپتال آتیں،لیکن اب آگہی کےباعث خواتین کینسر کے مرض کے پہلے ،دوسرے اور تیسرے اسٹیج میں آرہی ہیں جس سے ان کے علاج میں آسانی اور صحت میں جلد بہتری آرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ و کینسر یونٹ کے سربراہ اور معروف ماہر امراض سرطان پروفیسر نور محمد سومرو نے جنگ سےگفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال کے کینسر یونٹ میں مریضوں کو کسکالی ، ریوولیٹ ، جکاوی اور ٹیزگنا جیسی مہنگی اور معیاری ادویات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔لاکھوں روپے کی ادویات کے یہ نسخے یورپ میں بھی مریضوں کو خریدنے پڑتے ہیں لیکن سندھ میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی کی ہدایت پر 5، 5 لاکھ روپے کی ادویات کے نسخے مریضوں کو فراہم کیے جاتے ہیں ۔