PDM ٹوٹے گی، پی پی ، ن لیگ راہیں جدا ہوجائینگی، شفقت محمود

October 20, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ)رہنما تحریک انصاف شفقت محمود نے پیش گوئی کی ہے کہ پی ڈی ایم ٹوٹ جائے گی اور پیپلزپارٹی اور ن-لیگ کی راہیں جدا ہوجائیں گی، بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر نے شفقت محمود کی پیشگوئی کی نفی کردی۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی اسی تنخواہ پر گزارہ کرے گی، آخر میں سب سے زیادہ رونے والی تقریریں فضل الرحمٰن کی ہوں گی، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم سے الگ ہوجائے گی، ن لیگ لانگ مارچ نہیں کرے گی، ممکن نہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ کو کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا علم نہ ہو۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی شریک تھے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے بھونڈے طریقے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی ،کیپٹن (ر) صفدر کا مزار قائد پر عمل کس طرح غلط کہا جاسکتا ہے، نواز شریف نے جن مداخلتوں کی نشاندہی کی وہ ختم ہونی چاہئیں، مریم نواز پارٹی پالیسی آگے بڑھانے کی ذمہ داری بھرپور انداز سے نبھارہی ہیں، شہباز شریف باہر ہوتے تو بطور صدر پارٹی کی نمائندگی کرتے۔سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کیپٹن صفدر کے معاملہ پر ہم شرمندہ ہیں پی ڈی ایم کے لوگ ہمارے مہمان تھے، آئی جی سندھ کو اٹھا کر لے جانے کی بات درست ہے تو ڈی جی رینجرز کو واپس بھیجنا چاہئے، پی ڈی ایم کا مستقبل روشن نہیں تو حکومت گھبرائی ہوئی کیوں ہے، کیپٹن صفدر نے مزار قائد پر ووٹ کو عزت دینے اور مادر ملت کی بات کی وہ کس طرح غلط ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےکہا کہ مزار قائد ایکٹ کے تحت کوئی شخص وہاں احتجاج یا سیاسی سرگرمی مثلاً نعرے بازی نہیں کرسکتا، کیپٹن صفدر نے نہ صرف مزار قائد پر نعرے بازی کی بلکہ قائداعظم کی آخری آرامگاہ کے جنگلے کے اندر گھس گئے ، اسی جرم پر ان کیخلاف ایف آئی آر درج ہوئی، اٹھارہویں ترمیم کے بعد پولیس سندھ حکومت کے ماتحت ہے۔