سوات ، فنکارہ یاسمین اختر پر شوہر کا تشدد، فائرنگ سے بھائی اور راہگیر زخمی

October 20, 2020

سوات (نمائندہ جنگ)سوات کی مقامی فنکارہ یاسمین اختر نے اپنے شوہر پر زبردستی لے جانے سے انکار پر تشدد اور فائرنگ کرنے کا الزام لگا دیا، ابراہیم سعودی عرب میں لوگوں سے ملنے سے انکار پر تشدد کرتا رہا،طلاق دیکر پاکستان آئی تو اب بھی وہ دھمکیاں دے رہا ہے،گزشتہ رات گھر میں بھائیوں سمیت گھس کر فائرنگ کی،بھائی اور راہ گیر زخمی کردیا، شوہر کے مظالم سے تنگ فنکارہ نے اپنے والدین اور بھائیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انصاف کامطالبہ کردیا،ملزمان گرفتار کرلئے گئے،مینگورہ کے محلہ ملوک آباد کی رہائشی فنکارہ یاسمین اختر نے سوات پریس کلب میں والد بخت عمر ،والدہ، بھائی واجد عمر اورفیاض عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ان کی شادی ابراہیم نامی شخص سے ہوئی جو بعدازاں انہیں سعودی عرب لے کر گیا جہاں وہ غیر لوگوں کو ساتھ لاتااورمیرے منع کرنے پر تشدد کرتا تھا جس پر اس نے مجھے طلاق دیدی اور ہمارے مابین علیدگی ہو گئی، انہوں نے کہاکہ میکے واپس آئی کہ گزشتہ رات وہ ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس آیا اورمجھے زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزم ابراہیم، اسماعیل اوردیگر نے فائر بھی کیا جس کی زد میں آکر میرا ایک بھائی اور ایک راہگیر زخمی ہو گیا جبکہ میرے ماں باپ کو بھی مارا پیٹا،انہوں نے کہاکہ پولیس نے ملزموں کو گرفتار کرلیا تاہم ہمیں اس وقت بھی خطرہ ہے انہوں نے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کریں بصورت دیگر ہم خودسوزی پر مجبورہوجائیں گے۔ دریں اثنا پولیس کے مطابق ابراہیم ولد گل زمان اپنے بھائیوں اسماعیل اور امیرزمان کے ہمراہ سسرال کے گھر جاکر اپنی میکے بیٹھی ناراض بیوی فنکارہ یاسمین اختر کو گھر لے جاناچاہتاتھا،فنکارہ کے انکار پر زبردستی کی کوشش کی گئی جس پر تصادم ہوا اور اس دوران فائرنگ کی گئی جس سے فنکارہ یاسمین کا بھائی ساجد عمر اور باہر گلی میں گولی کی زد میں آکر رہ گیر عبید ولد افتخار زخمی ہوگیا جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس نے بروقت کا رروائی کرتے ہوئے ملزمان ابراہیم،اسماعیل اور امیر زمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مخالف فریق کے ساجد عمر،واجد عمر،ان کے والد بخت عمر اور ذیشان کے خلاف بھی روزنامچہ رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔