ماہرہ خان نے والدہ سے کیا سیکھا؟

October 20, 2020

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی والدہ نے اُنہیں سکھایا کہ کبھی بھی نااُمید نہیں ہونا۔

ماہرہ خان نے اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی والدہ کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی ہے جو اُن کی والدہ کے جوانی کے دنوں کی یاد دلا رہی ہے۔


انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ماہرہ خان نے لکھا کہ ’گزشتہ رات ہم نے امّاں کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور اُس وقت ہم صرف تین لوگ موجود تھے کیونکہ ابّا اس دُنیا میں نہیں لیکن اس کے باوجود بھی ہم نے اُن کو اپنے ساتھ محسوس کیا۔‘

ماہرہ خان نے لکھا کہ’کیک کاٹتے ہوئے جہاں ہم نے امّاں کے لیے گانا گنگنایا تو وہیں امّاں نے بھی بُلند آواز میں خود کے لیے گانا کچھ اس طرح گنگنایا کہ مجھے سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میری امّاں کو چھوٹی چھوٹی چیزوں میں خوشی ملتی ہے جنہیں وہ ’ٹینڈر ٹیلنٹ‘ کا نام دیتی ہیں۔‘

ماہرہ خان نے لکھا کہ ’امّاں ہمیشہ مجھ سے کہتی ہیں کہ ماہرہ نااُمید نہیں ہوتے، جب ایمان ہے تو مایوسی کیسی۔‘

آخر میں اُنہوں نے دُنیا کی سب سے خوبصورت عورت یعنی اپنی والدہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان کی والدہ کی یہ تصویر اداکارہ کی پیدائش سے پہلے کے وقت کی ہے۔