قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، پی سی بی کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، وسیم خان

October 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ دراصل پی سی بی کے میڈیکل پینل اورقومی ہائی پرفارمنس سنٹر کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان دونوں شعبوں نے مل کر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایک ایسا محفوظ بائیو سیکیور ماحول فراہم کیا، جہاں 19 روز تک میچز کھیلے گئے۔ پی سی بی کے تمام شعبہ جات ایونٹ کے آغازسے ہی متحرک تھے۔قومی ٹی ٹونٹی کپ 2020 کو ایک بڑا برانڈ بنانے میں اہم کردار ادا کیا، اس دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر صارفین کے تبصرے اور تجزئیے کسی بھی دوسرے ڈومیسٹک ایونٹ سے کہیں زیادہ تھے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث بائیو سیکیور ببل میں نظم و ضبط اور مقررہ قواعد و ضوابط کی پیروی کرنے پر وہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مشکور ہیں، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ان حالات میں اب کرکٹ اور کوویڈ19 کو ساتھ ساتھ چلنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی آپریشنل صلاحیت اور قابلیت کا بھرپورمظاہرہ کرکے قومی ٹی ٹونٹی کپ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا ہے۔ اس دوران ٹورنامنٹ میں شریک نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔