مسکن دھماکا، نجی اسپتال کی بے حسی نے ایک زخمی کی جان لے لی

October 22, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال کے نجی اسپتال کی بے حسی نے ایک زخمی کی جان لے لی، زخمی تڑپتا رہا اسپتال انتظامیہ پیسوں کا مطالبہ کرتی رہی، لواحقین اور شہریوں نے اسپتال کا گھیرائو کرکے نعرے لگائے۔ اس حوالے سے نجی اسپتال کے ترجمان اسلم بشیر کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین کا الزام غلط ہے، اسپتال کی جانب سے پیسوں کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ اس وقت بھی زخمی اسپتال میں داخل ہیں جن کا علاج کیا جارہا ہے ۔ ہمیں ہدایات تھیں کہ زخمیوں کی جان بچائی جائے جس کی پوری کوشش کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق مسکن کے قریب دھماکے کے بعد گلشن اقبال کےمعروف نجی اسپتال نے بغیر ایڈوانس فیس زخمیوں کے علاج سے انکار کردیا، اسپتال انتظامیہ کی بے حسی نے ایک زخمی شخص کی جان لے، مسکن چورنگی پر دھماکے کے بعد نجی اسپتال میں ایک زخمی دم توڑ گیا۔