عمران نیازی نے سب سے بڑا این آر او کلبھوشن کو دیا، احسن اقبال

October 22, 2020


رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نےسب سے بڑا این آر او کلبھوشن کو دیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران نیازی صبح شام تسبیح پڑھتا ہے کہ میں این آر او نہیں دوں گا جبکہ سب سے بڑا این آر او عمران نیازی نے کلبھوشن کو دیا، کلبھوشن کو این آراو دیا گیا کہ وہ سزا کے خلاف اپیل کرسکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت نے بھارتی جاسوس کے لیے سپر این آر او دیا، کون سی قومی پالیسی اور مفاد ہے کہ بھارتی جاسوس کے لیے حکومت سپر این آر او نکالے، یہ ثابت کرتا ہے کہ انہوں نے کشمیر کا سودا کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سودا نہ کیا ہوتا تو بھارت کشمیر کو غصب نہ کرتا، قائمہ کمیٹی میں گزشتہ روز کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق قانون بلڈوز کر کے بنوایا، اگر اپیل کا قانون پہلے موجود تھا تو کلبھوشن کے نام سے خصوصی قانون بنوانا کون سی قومی غیرت ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران نیازی صرف انتقام کا ایجنڈا رکھتا ہے، فارن فنڈنگ کے ذریعے اس کو پاکستان پر مسلط اس لیے کیا گیا تھا تاکہ یہ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کر سکے، مہنگائی تاریخی سطح پر ہے اور قرضے بلند ترین سطح پر ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کے لیے سب سے بڑا مسئلہ صرف ن لیگ کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرنا ہے جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی، دوسرا بڑا مسئلہ مہنگائی اور تیسرا بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک اصل کردار عمران نیازی کو قانون کے کٹہرے میں نہ کھڑا کیا جائے۔