وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی فلورپرغلط بیانی کی، شبلی فراز

October 22, 2020

وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی فلورپرغلط بیانی کی ہے، عوام کو ورغلانے والوں کی حقیقت سب جانتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے مشیرداخلہ شہزاداکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

اس دوران سینیٹر شبلی فراز نے اپنے بیان میںکہا کہ ان کی کوشش ہے کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کو چھپا سکیں، مزارقائد پر ہلڑبازی قانون کی کھلی خلاف ورزی تھی، یہ جلسوں کا رسپانس دیکھ کر ہر قسم کا جھوٹ بول رہے ہیں، جھوٹ اور ریا کاری ان عناصر کی سیاست کا اہم ستون ہے، میں سفید جھوٹ کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قائداعظم کے مزار پر ہلڑ بازی صفدر اعوان اور بیگم صفدر اعوان نے رچایا۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ سمجھتا ہے کہ چادر اور چاردیواری کا تحفظ صرف ان کی ذات تک محدود ہے، یہ لوگ ماڈل ٹاؤن واقعہ اور خواتین کی کردار کشی کے اپنے ماضی کو بھول گئے، ماڈل ٹاؤن میں نہتی خواتین پر گولی چلائی، بے نظیر کی تصویر ہیلی کاپٹر سے پھینکی، اس وقت چادر چاردیواری کہاں گئی،ن لیگ سمجھتی ہے چادر اور چار دیواری صرف مریم صفدر ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ کے اثاثوں کو لوٹنا آپ کا شیوہ تھا، سندھ حکومت میں دس سال سے کرپشن اور بدانتظامی ہے، آپ جمہوریت کو کمزور کرنے میں لگے ہیں، نئی حکومت نے آ کر پرانی پارٹنر شپ توڑی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آپ جمہوریت اور پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، آپ کے ناٹک کا مقصد ہے کہ اگر وزیر اعظم عمران خان کامیاب ہوگیا تو آپ سیاست ہمیشہ کے لیے ختم ہوگئی، آپ افرا تفریح اور غیر یقینی صورتحال چاہتے ہیں، آپ چاہتے ہیں پاکستان کی معیشت بہتر نہ ہو۔

اُن کا عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق کہنا تھا کہ کوروناوائرس کے باوجود ملکی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، تمام مشکلات کے باوجود معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہورہی ہے، یہ لوگ جانتے ہیں کہ عمران خان کی کامیابی سے ان کی سیاست ختم ہوجائے گی، یہ لوگ افراتفری، انتشار اور عدم استحکام چاہتے ہیں، ان لوگوں کا مقصد اپنی کرپشن اور لوٹ مار کو تحفظ دینا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کے سیاسی ناٹک کو بخوبی سمجھتےہیں، حکومت منہگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کے استحکام کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومتی اقدامات سے تعمیراتی شعبہ ترقی کر رہا ہے، ادارے مضبوط اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اُن کا سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے متعلق کہنا تھا کہ شاہد خاقان آپ ایل این جی بھول گئے، بجلی اورگیس کی قیمت آپکی وجہ سے اوپر جارہی ہے، آپ نے سیاسی ٹھگوں کا ٹولہ اکٹھا کیا ہوا ہے، کیا آپ عوام کو گمراہ کردیں گے؟ آپ لوگوں کے روزگار کے پیچھے ہیں۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ آپ مسائل قالین کے نیچے چھپائے ہوئے تھے، ہم عوام میں لائے، آپ نے اداروں کو تباہ برباد کردیا، کوئی ادارہ کام نہیں کرتا، اب اداروں میں بہتری آرہی ہے، اچھے لوگ آرہے ہیں، ملک آگے کی طرف جارہا ہے، آپ پیچھے نہیں لے جاسکتے۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ امید ہے آپ عوام کے سامنے سچ بولیں گے، لیکن ممکن نہیں ہے، عوام سے جلسے میں معافی مانگ لیں، آپ اداروں کے درمیان ٹکراؤ لانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

دوسری جانب معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جھوٹوں کے آئی جی نے قوم کو آج بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی، مزار قائد پر ہلڑ بازی ہوئی، جس پر لوگوں نے تھانے میں درخواست دی، درخواست کے بعد حکومت سندھ کا کردار شروع ہوجاتا ہے، صبح صفدر اعوان گرفتار ہوجاتے ہیں،جھوٹوں کے آئی جی نے قوم کو آج بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ کراچی واقعے میں ریٹائرڈ کیپٹن صفدر کو سندھ پولیس نے گرفتار کیا، قابل ضمانت کیس میں گرفتاری کی سمجھ نہیں آتی، سندھ پولیس نے اپنے ٹوئٹ میں گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دیا، سندھ حکومت نے سب سے پہلے واقعے کی انکوائری کا اعلان کیا۔

مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ سندھ پولیس کو احکامات کہاں سے ملتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ انہیں کس وفاقی وزیر نے فون کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی بدنامی کے لیے سیاسی سرکس لگایا گیا ہے، کلبھوشن کے بارے میں بات کرنے والے عقل کے اندھے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پڑھیں، عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں، ان اقدامات کا مقصد یہ ہے کہ بھارت کیس میں کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے، کسی بھی جرم کا سراغ لگانے کا مقصد ہوتا ہے کہ اس سے فائدہ کس کو ہوگا۔