خاتون ایم پی اے کے شوہرکی جج سے لڑائی، ملزم کی گرفتاری خلاف قانون قرار

October 23, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں خاتون ایم پی اے کے شوہر اور جج کے درمیان جھگڑے میں ملزم بلال عباسی کی گرفتاری کو خلاف قانون قراردیتے ہوئے کہاہے کہ تھانہ انچارج اور تفتیشی افسر نے اختیارات کا غلط استعمال کیا ،بلال عباسی کی گرفتاری سپریم کورٹ کے طے کردہ قانون اور اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتی ، تھانہ انچارج نے جھگڑے کے دونوں فریقین کو تھانے سے جانے کی اجازت دیدی،گزشتہ روز ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے بلال عباسی کی ضمانت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تھانہ انچارج اور تفتیشی افسر نے بادی النظر میں اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ، گرفتاری کے اختیار کا غلط استعمال قانون کی بالادستی کو پامال کرتا ہے ، قانون کی بالادستی کے دعویدار معاشرے میں بااختیار کو تحفظ اور کمزور کو قربانی کا بکرا بنانے کا رجحان ناقابل برداشت ہے ، قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔