دہشت گردی کے دو مقدمات میں شہادتیں قلمبند

October 23, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شوکت کمال ڈار نے مختلف مقدمات کی سماعت ضروری کارروائی کے بعد ملتوی کر دی۔ عدالت نے تھانہ واہ کینٹ میں درج بھتہ کیس کے ملزم عرفان شاہ کے مقدمہ میں ایک اور تھانہ مری میں درج پولیس مزاحمت کیس کے ملزمان فرحان آفتاب وغیرہ کے مقدمہ میں دو گواہ قلمبند کر کے 26اکتوبر کو مزید شہادتیں طلب کرلیں۔ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مذہبی منافرت کیس کے ملزم خالد اقبال کے کیس کی سماعت 29اکتوبر، اسی الزام میں ملوث ملزم قمر عباس کے کیس کی سماعت چوبیس اور احتشام علی کے مقدمہ کی سماعت 27اکتوبر، تھانہ ریس کورس میں درج پولیس مزاحمت کیس کے ملزم امام الحق کے مقدمہ کی سماعت 26اکتوبر، تھانہ حسن ابدال میں درج کیس کے ملزمان منور خان وغیرہ کے مقدمہ کی سماعت چوبیس اکتوبر جبکہ تھانہ نصیر آباد میں درج قتل اور دہشت گردی کیس کے ملزمان خضر الیاس وغیرہ کے کیس کی سماعت آج 23اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔