پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال کا شعبہ کارڈک سرجری 6 ماہ سے بند

October 23, 2020

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا شعبہ کارڈک سرجری 6 ماہ سے بند ہے، دل کے آپریشن نہ ہونے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سینئر ڈاکٹرز کے مستعفی ہونے کے بعد کارڈک سرجری شعبہ بند پڑا ہے، جس کے بعد سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ امراض قلب پر مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ امراض قلب میں دل کے مریضوں کو آپریشن اور دیگر علاج کے لیے کئی ماہ تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔


سرکاری اسپتالوں سے مایوس مریض ناصرف دوسرے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں بلکہ بھاری اخراجات برداشت کرنے پر بھی مجبور ہیں۔

صوبے کے سب بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایل آر ایچ کا شعبہ کارڈک سرجری فوری کھولنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ترجمان ایل آرایچ نے کہا کہ سینئر ڈاکٹرز کی بھرتی کے لیے اشتہار دے دیا گیا ہے، جلد ہی ڈاکٹرز کی بھرتی کے بعد مریضوں کو علاج کی سہولتیں میسر ہوں گی۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ دل کےعلاج کی تمام سہولتیں اسپتال میں پہلے سے موجود ہیں۔