کورونا وائرس کیسز کا بڑھنا پریشانی کی بات ہے، یاسمین راشد

October 23, 2020


وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کیسز کا بڑھنا پریشانی کی بات ہے، اگر کورونا وائرس کیسز بڑھتے رہے تو صورتحال قابو سے باہر ہوسکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سردیوں میں لوگوں کی قوت مدافعت کم ہوتی ہے کورونا وائرس بڑھنے کے زیادہ امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے، دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوتا ہے، غریب ممالک مکمل لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہپاکستان میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح مسلسل چوتھے دن 2 فیصد سے زیادہ رہی ہے۔

گزشتہ روز ملک بھر میں 27 ہزار 50 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 736 ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2 اعشاریہ 7 فیصد رہی، جبکہ ملک میں کورونا وائرس سے مزید 13 اموات کے بعد تعداد 6715 ہوگئی ہے۔