مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کا عثمان بزدار کی قیادت پر اظہار اعتماد

October 24, 2020


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل خان نیازی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کردیا۔

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں سردار عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی فیصل خان نیازی نے ملاقات کی۔

فیصل خان نیازی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

اس ملاقات میں حلقے کے مسائل، فلاحِ عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

فیصل خان نیازی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تجاویز کو نوٹ کیا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شور مچانے والے پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے پاس کرپشن بچانے کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف آج بھی سب سے مقبول جماعت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے دن سے روڑے اٹکائے، آج بھی اپوزیشن جماعتیں خوشحالی کے سفر کو روکنا چاہتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے باور کروایا کہ اپوزیشن جو مرضی کرلے، کرپٹ عناصر کا احتساب ہو کر رہے گا۔

انھوں نے لیگی ایم پی اے کو یقین دہانی کروائی کہ عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے، منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔