علی عمران کی واپسی پر جیو نیوز اور صحافی کے گھر والوں کا اظہارتشکر

October 24, 2020

جیو نیوز کے صحافی علی عمران کی واپسی پر جیو نیوز اور علی عمران سید کے گھر والوں نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

علی عمران سید کی فیملی اور جیو نیوز صحافتی تنظیموں، تمام میڈیا گروپس، سینئر صحافیوں، سیاسی رہنماؤں، سول سوسائٹی، عوام اور انسانی حقوق کے نمائندوں کے بھی شکر گزار ہیں۔

ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے کے خلاف آواز اٹھائی، فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا اور جیو نیوز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے۔

جیو نیوز کے سینئر صحافی علی عمران کا اہلیہ سے رابطہ

جیو نیوز کے سینئر صحافی علی عمران نے اپنی اہلیہ سے رابطہ کرکے انہیں خیریت سے آگاہ کردیا ہے۔

علی عمران کا اپنی اہلیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں والدہ کے گھر پہنچ گیا ہوں۔

واضح رہے کہ جیو نیوز کے رپورٹر سینئر صحافی علی عمران 22 گھنٹے سے لاپتا تھے۔

علی عمران کے اغوا کا مقدمہ بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیاگیا تھا۔

پولیس کی جانب سے مقدمہ نمبر 1006 اغواء سمیت دیگر دفعات کے تحت علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں نا معلوم افراد کو نامزد کیا گیاتھا ۔

مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔