موسم سرما کی پہلی برفباری، کے پی کے بالائی علاقوں میں راستے بند، سیاح پھنس گئے

October 26, 2020

گلگت،بابو سرٹاپ،ایبٹ آباد، پشاور (نیوزایجنسیز)خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ہے،بابوسرٹاپ، نانگاپربت، فیری میڈوس اور بٹوگاہ ٹاپ پرموسم سرما کی پہلی شدید برفباری کے باعث کئی مقامات پر راستے بند ہوگئے ہیں، متعدد سیاح پھنس گئے ہیں ،پولیس نے ریسکیو کرکے مسافروں کو قریبی گائوں منتقل کیا ، اطلاعات کے مطابق شدید برفباری سے بابوسر ٹاپ پر گلگت بلتستان آنیوالی 20گاڑیاں پھنس گئی تھیں،پولیس نے فوری ریسکیو کرکے گاڑیوں کو نکال لیا اورمسافروں کو قریبی گائوں منتقل کر دیا ہے،بابوسرٹاپ وناران شاہراہ پر روڈ بلاک ہے اور متعددگاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں،پولیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مسافرموسم دیکھ کر سفر کریں۔مانسہرہ کے سیاحتی مقامات اوربالائی علاقوں بابوسرٹاپ اورجھیل لولوسرپرہفتے کی رات کوموسم سرماکی پہلی برفباری کاآغازہوگیاجس کے بعدعلاقے نے برف کی سفیدچادراوڑھ لی جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے،برفباری کے آغازکے بعدضلعی انتظامیہ نے گلگت بلتستان جانیوالوں کوشاہراہ قراقرم استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔