ہیلتھ کارڈز اور احساس پروگرام میں اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا، عامر ڈوگر

October 27, 2020

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملتان کے اخبار فروش رہنمائوں کے وفد کے ہمراہ چیف و ہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں ملتان اخبار فروشوں کے رہنما معاون خصوصی شیخ صلا ح الدین، ممبر فیڈریشن ملک عرفان اترا ،سینئر رہنما ملک مسعودالحسن مٹھو شامل تھے۔ ٹکا خان نے ملاقات میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو احساس پروگرام میں شامل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے جہاں تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں وہاں اخبار فروش بھی شدید مشکلات کا شکار رہے ہیں۔اس سلسلے میں ہم نے متاثرہ اخبار فروشوں کی ایک لسٹ وزارت اطلاعات کو فراہم کی ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی خاص عمل درآمد نہیں ہوا ۔ ٹکا خان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملک بھر کے اخبار فروشوں کو نہ صرف احساس پروگرام میں شامل کیا جائے بلکہ ان کو فوری طور پر مالی تعاون کے ساتھ ساتھ ہیلتھ کارڈ ز بھی جاری کئے جائیں۔ ملک عامر ڈوگر نے وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے نمائندہ وفد کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کروائی جائے گی۔ احساس پروگرام اور ہیلتھ کارڈز میں بھی اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا۔