نااہلی کی وجہ سےدہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا: مریم نواز

October 27, 2020

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد سے جس دہشت گردی کی کمر ٹوٹی تھی اسی دہشت گردی نے آج مسلط شدہ نااہلی کی وجہ سے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے حالیہ بیان میں مریم نواز نے لکھا کہ ملک کے ذمہ داران ملک کا امن برباد کررہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ملک کے ذمہ داروں کی توجہ اپنی ذمہ داریوں کی بجائے اپوزیشن کو دبانے پر مرکوز ہو تو ملک دشمنوں کی توجہ ملک کا امن برباد کرنے پر ہوتی ہے۔

اس سے قبل مریم نواز کا کہنا تھا کہ پشاور میں ہونے والے دل دہلا دینے والے واقعے نے انتہائی رنجیدہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پشاور مدرسہ دھماکا دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، بالخصوص بچوں کو ہونے والے نقصان نے انتہائی رنجیدہ کردیا ہے۔