کیماڑی زہریلی گیس اموات: سندھ حکومت کی رپورٹ عدالت میں جمع

October 27, 2020

سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس سے متعلق ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اینڈ بائیولوجی کی تحقیقاتی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادی۔

سندھ ہائی کورٹمیں کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاکتوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

سندھ حکومت کے مطابق کیماڑی میں اُس دورانیے کے دوران 9 افراد کی موت ہوئی، صرف 1 شخص کے اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم کرایا۔

عدالت میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے مرنے والے شخص کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ لیبارٹری میں بھجوائے گئے نمونوں میں زہریلی گیس کے شواہد نہیں ملے۔

پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق ایک شہری منشیات کی زیادہ مقدار لینے سے جاں بحق ہوا۔

رپورٹمیں بتایا گیا کہ شہریوں میں ایمونوگلوبن ای کی زیادتی کی وجہ سے الرجی سمیت دیگر مسائل پیدا ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ایمونو گلوبن ای کی مقدار زیادہ ہونے سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔

عدالت نے سندھ حکومت کی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا ہے جبکہ درخواستیں قابل سماعت ہونے سے متعلق آئندہ سماعت پر مزید دلائل طلب کرلیے ہیں۔