خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کا 3 سالہ پروگرام

October 29, 2020

پشاور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبے میں سرمایہ کاری لانے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے 3سالہ پروگرام پر عملدرآمد شروع کردیا ہے اور صوبے میں اکنامک زونز کو فعال بنانے کیلئے اقداما ت تیز کردیئے ہیں جس کے نتیجے میں آئندہ تین سال میں صوبے میں 436ارب روپے کی سرمایہ کاری ہونے کیساتھ ساتھ 9لاکھ 18ہزار نوجوانوں کو روزگار ملنے کا امکان ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی جاوید اقبال خٹک نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے کے لئے صوبے میں اکنامک زونز کے قیام کا سلسلہ تیز کردیا ہے اس سلسلے میں تین سالہ پروگرام تیار کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ اکنامک زون کمپنی کے سربراہ جاوید اقبال خٹک کے مطابق صوبے کے گیارہ اکنامک زونز سے آئندہ تین سال میں 436 ارب روپے کی سرمایہ کاری آنے اور 9 لاکھ 18ہزار نوجوانوں کو روزگار میسر ہونے کی پلاننگ کی گئی ہے جب کہ مذکورہ اکنامک زونز میں 2 ہزار 170 نئے کارخاانے قائم کرنے کے ساتھ ساتھ 109کارخانوں کو فعال بنانے کا پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے جبکہ جلد ہی صوبے میں 11 نئے اکنامک اور سپیشل زونز بنانے کے لئے بھی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ جاوید اقبال خٹک نے کہا ہے کہ جلوزئی اکنامک زون سے 41ہزار 2سو‘ نوشہرہ اکنامک زون سے 12ہزار 2سو‘ رشکئی سپیشل اکنامک زون سے 2لاکھ‘ مہمند اکنامک زون سے 56ہزار‘ ڈی آئی خان اکنامک زون سے 30ہزار 240‘ چترال اکنامک زون سے 6ہزار 400‘ غازی ہری پور اکنامک زون سے 14ہزار 384‘ درابن اکنامک زون سے 5لاکھ 12ہزار‘ بونیر اکنامک زون سے 20ہزار 240اور بنوں اکنامک زون سے 64ہزار نوجوانوں کو روزگار مہیا کیا جائیگا۔