اچھی فارم کے باوجود محمد حفیظ زمبابوے کیخلاف سیریز نہیں کھیلیں گے

October 30, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بظاہر ایسا لگ ہے کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ تجربہ کار آل راونڈر محمد حفیظ کو صرف ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ تک محدود رکھنا چاہتی ہے۔زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے15ممکنہ کھلاڑیوں میں محمد حفیظ کا نام شامل نہیں ہے۔ٹیسٹ کے بعد ان کا ون ڈے کیئریئر بھی ختم ہوچکا ہے۔اس سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ٹی ٹوئینٹی اور ون ڈے سیریز کے 22ممکنہ کھلاڑیوں میں تین تجربہ کار کھلاڑیوں شعیب ملک،محمد عامر اور سرفراز احمد کو ڈراپ کردیا تھا۔محمد حفیظ کو پندرہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہ کرنا اس لحاظ سے حیران کن ہے کہ اس وقت وہ اچھی فارم میں ہیں۔کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ کوشش یہی ہے کہ اچھا کمبی نیشن کھلائیں، زمبابوے کے خلاف کھیلنے سے اعتماد بحال ہوگا، تمام تر توجہ ون ڈے کرکٹ پر مرکوز ہے، ہم نے بیک ٹو بیک سیریز کھیلنی ہے۔ کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھتے، ہمارا مقصد ایک سو دس فیصد پرفارمنس دینا ہے، ٹی ٹوئنٹی میں جارحانہ کھیلنا پڑتا ہے، ون ڈے کرکٹ میں بطور کپتان پہلی سیریز ہے۔40سالہ محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے218ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے ہیں۔حفیظ اب ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔