ویانا حملے: ترک مسلمانوں کی انسان دوستی کے چرچے

November 04, 2020

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں پیر کی رات دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے کے باوجود دو ترک نوجوانوں نے ضعیف خاتون اور زخمی پولیس اہلکار کی جان بچا کر بہادری کی مثال قائم کر دی۔

ویانا دہشت گرد حملےمیں دو بہادر ترک نوجوانوں رجب طیب گلتکین اور میکائل اوزین نے پولیس افسر سمیت ایک زخمی خاتون کے دفاع کے لیے اپنی جانیں خطرےمیں ڈال دیں اور گولیوں کی بوچھاڑ سےان کو بچا لائے۔

تُرک صدر اردوان نے ٹیلیفون کرکے مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر رجب طیب اردوان نے زخمی ہونے والے ترک نوجوان سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کی اور اس کی بہادری کو سراہا۔

ترک نژاد آسٹریائی نوجوانوں کی اس بہادری اور انسان دوستی کو ناصرف آسٹریائی حکومت نے بلکہ آسٹریا میں ترکی سفیر نے بھی سراہا ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں چھ مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعے میں چار شہری ہلاک ہوگئے جبکہ ایک حملہ آور مارا گیا ہے۔

فائرنگ کے واقعات میں 17 افراد زخمی ہوئے جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں، جہاں 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

آسٹرین وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد داعش کا حامی تھا۔ دہشتگرد حملے میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

آسٹرین خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ویانا حملے میں زخمی تمام 17 افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداددی جارہی ہے