پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 198 پوائنٹس کی کمی

November 04, 2020

امریکی انتخابات پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کا 100 انڈیکس بھی مضطرب دکھائی دیا۔انڈیکس نے کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں کیا تاہم اختتام منفی ہوا۔

امریکا میں پولنگ کے بعد گنتی جاری تھی ، آج صبح جب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہوا۔ اس وقت جو بائیڈن کو ٹرمپ پر واضع برتری حاصل تھی۔

شیئرز بازار کے100 انڈیکس نے کاروبار کا آغاز 430 پوائنٹس اضافے سے کیا۔ اس وقت ایشیا کی دیگر اسٹاک مارکیٹس میں بھی کاروبار کا مثبت رجحان تھا۔ لیکن جیسے جیسےجوبائیڈن کی برتری کم ہوتی رہی100 انڈیکس واپسی کی راہ لیتا رہا اور کاروبار کا اختتام 198 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 281 پر کیا۔

شیئرز بازارمیں آج 393 کمپنیوں کے 42 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 13 ارب 90 کروڑ روپے رہی۔ کاروباری دن میں سرمایہ کاروں کو17 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

کاروبارکے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 7 ہزار 465 ارب روپے ہے۔ سرمایہ کار کاروبار کے اختتام پر امریکی الیکشن کے نتائج کے منتظر رہے۔