وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات

November 05, 2020


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جہاں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے انھیں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، کورونا کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین مثالی برادرانہ تعلقات اور مضبوط دوستی کو پوری دنیا جانتی ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری تمام منصوبوں کی تیز تر تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے۔

اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئےکار لائیں گے۔