10 سالہ پاکستانی طالب علم کی ٹائپنگ اسپیڈ کے سب فین ہوگئے

November 05, 2020

بہاولپور میں 10 سالہ طالب علم کی ٹائپنگ اسپیڈ کے سب فین ہوگئے ہیں، سعد الرحمان نے کورو نا وائرس کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن میں مثبت سرگرمی اپنائی اور اپنی ٹائپنگ اسپیڈ بڑھا ئی۔

وہ ایک منٹ میں انگلش کے 170 سے زائد اور اردو کے 130 سے زائد الفاظ ٹائپ کرلیتا ہے۔ سعد ٹائپنگ اسپیڈ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کا خواہشمند ہے۔

اگر کوئی کچھ کرنے کی ٹھان لے تو کامیابی اس کے قدم چوم ہی لیتی ہے۔ بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں کے سعد الرحمان نے بھی کچھ ایسا ہی کارنامہ انجام دیا۔

کورونا وائرس کے باعث چار ماہ اسکول بند ہونے پر سعد نے اپنی ٹائپنگ اسپیڈ اتنی بڑھائی کہ سب کو پیچھے چھوڑدیا۔

کمپیوٹر کے کی بورڈ پر رقص کرتی سعد کی انگلیاں ایک منٹ میں انگلش کے 170 سے زائد الفاظ ٹائپ کرلیتی ہیں، جبکہ سعد کی اردو ٹائپنگ میں بھی ایسی مہارت ہے کہ ایک منٹ میں 130 سے زائد الفاظ ٹائپ ہوجائیں۔

کم عمر طالب علم سعد کا دعویٰ ہے کہ اگر وہ آنکھوں پر پٹی باندھ کر بھی ٹائپ کرے تو اس کی اسپیڈ میں کوئی فرق نہیں آتا۔

سعد پڑھائی کے ساتھ ساتھ والد کا ہاتھ بھی بٹانا چاہتا ہے جن کی انگلش،اردو کمپوزنگ کی دکان ہے۔ لیکن اس کے والد کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے تعلیم ضروری ہے۔

پانچویں جماعت کا طالب علم سعد الرحمان سافٹ ویئر انجینئر بننا چاہتا ہے۔ لیکن اس کی یہ خواہش بھی ہے کہ وہ ٹائپنگ اسپیڈ میں ورلڈ ریکارڈ بنائے۔