ٹرمپ کا ایک بار پھر ڈیموکریٹس پر انتخابات چرانے کا الزام

November 06, 2020


امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ڈیموکریٹس پر انتخابات چرانے کا الزام لگادیا اور کہا کہ اگر قانونی ووٹوں کی گنتی کی جائے تووہ آسانی سے جیت جائیں گے لیکن غیر قانون ووٹوں کے ذریعے انتخابات چرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ری پبلکن اُمیدوار امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ’اگر آپ دیر سے آنے والے ووٹوں کی گنتی کریں گے تو ہم اُنہیں بہت مضبوط دیکھ رہے ہیں لیکن دیر سے بہت سارے ووٹ آئے۔میں نے پہلے ہی فیصلہ کن انداز میں بہت ساری اہم ریاستیں جیت رکھی ہیں ، جن میں فلوریڈا ، آئیووا ، انڈیانا ، اوہائیو شامل ہیں، یہ صرف چند نام ہیں۔ ‘

ٹرمپ نےکہا کہ ’ہم نے یہ اور بہت ساری فتوحات بڑے میڈیا ، بڑی رقم اور بڑی ٹیکنا لوجی کی تاریخی انتخابی مداخلت کے باوجود حاصل کی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جیسا کہ ہر ایک نے دیکھا کہ ہم تاریخی نمبروں سے جیت گئے اور رائے شماری کرنے والوں نے اسے جان بوجھ کر غلط کردیا۔ ہمارے پاس پہلے رائے تھی جو بہت مضحکہ خیز تھی اور ہر شخص اسے اس وقت جانتا تھا۔ یہاں کوئی 'نیلی لہر نہیں تھی جس کی انہوں نے پیش گوئی کی تھی۔ ‘

ان کا خیال تھا کہ یہاں ایک بڑی 'نیلی لہر بننے والی ہے جو جھوٹی تھی ، جو دباؤکی بنا پر کی گئی تھی لیکن اس کے بجائے یہاں ایک بڑی 'سرخ لہر تھی۔

واضح رہے کہ اب تک ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 264 اور ری پبلکن امیدوار امریکی صدر ٹرمپ نے 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جوبائیڈن کو صدر بننے کے لیے مزید 6 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔