ایک ہفتے میں مہنگائی صفر اعشاریہ 12فیصد کم ہوئی، ادارہ شماریات

November 06, 2020

ادارہ شماریات نے 5 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی میں صفر اعشاریہ 12 فیصد کمی ریکارڈ کی ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق چینی اور گندم کی درآمد کے مہنگائی پر اثرات نظر آنے لگے ہیں، ایک ہفتے کے دوران چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی میں کمی اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں گراوٹ کے باعث ہوئی ہے، ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق درآمدی ٹماٹروں کے باعث ایک کلو ٹماٹر کی قیمت میں 49 روپے 83 پیسے کمی ہوئی۔

رپورٹکے مطابق 5 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 39 روپے 29 پیسے اور فی کلو 2 روپے تک کی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انڈے، چاول، گڑ اور کوکنگ آئل سمیت 14 اشیاء کی قیمتیں کم رہی، دال مسور کی قیمت 4 روپے 28 پیسے اور چینی کی قیمت 2 روپے فی کلو تک کم ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق چکن، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر، پیاز، لہسن، آلو، دال چنا، ماش، خشک دودھ کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 85 روپے 69 پیسے، چکن 17 روپے 52 پیسے کلو، پیاز پر 4 روپے 70 پیسے، لہسن پر 9 روپے 61 پیسے اور آلو کی قیمت میں 2 اعشاریہ 5 پیسے کا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مٹن، بیف، دودھ، دہی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں اس ہفتے استحکام رہا۔