سرکاری و نجی دفاتر کے 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت

November 06, 2020

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر اہم فیصلے کرلیے۔

این سی او سی نے ان ڈور شادیوں کی تقریبات پر 20 نومبر سے پابندی، سرکاری و نجی دفاتر کے 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت سمیت کئی بڑے فیصلے کرلیے ہیں۔

این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسٹیج ٹو کے تحت ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔


ان ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021ء تک پابندی عائد ہوگی جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں بھی 1000 افراد سے زائد کی شرکت ممنوع ہوگی۔

این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ شادی کی تقریبات میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد بنانا لازمی ہوگا۔

این سی او سی نے ہدایت کی سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا باقی 50 فیصد گھر سے کام کرے۔

این سی او سی کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں۔

حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میر پور، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق ہوگا۔

این سی او سی کے مطابق حکمت عملی کے تحت گلگت بلتستان ماڈل کو اپنایا جائے گا جبکہ فیصلے پر عمل درآمد 7 نومبر سے شروع ہوگا اور 31 جنوری تک جاری رہے گا۔