ملک بھر میں ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ شروع

November 07, 2020


ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤکی وجہ سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلوں پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔

آج سے ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر سو روپے جرمانہ عائد کیا جانےلگا، کراچی کے کمشنر نے ماسک نہ پہننے والوں سے 500 روپے جرمانہ لینے کا حکم دے دیا۔

ملک بھر میں بند جگہوں پر شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021ء تک پابندی لگا دی گئی ہے، کھلی جگہوں پر شادی کی تقریبات میں ایک ہزار سے زائد افراد کی شرکت پر پابندی ہوگی۔

این سی او سی کے مطابق سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا، سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر کراچی میں بھی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، شاپنگ مال، تعلیمی اداروں، ریسٹورنٹ، فیکٹریوں اور دیگر عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو احکامات جاری کر دیئے ہیں کہ ماسک نہ پہننے والے شہریوں پر 500 روپے جرمانہ کیا جائے گا، دُکاندار ماسک کے بغیر آنے والے گاہکوں سے لین دین نہ کریں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت بڑے شہروں کے بازاروں میں شہریوں کی جانب سے ماسک کا استعمال نہ ہونے کے برابر ہے۔

ان بڑے شہروں کی انتظامیہ بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کراتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہی۔