ہمارا گلگت بلتستان سے 3 نسلوں کا ساتھ ہے، بلاول بھٹو

November 08, 2020


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا گلگت بلتستان سے 3 نسلوں کا ساتھ ہے۔

ہنزہ میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں 3 نسلوں کے رشتے کو پھر سے قائم کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کا نامکمل مشن ہم اور آپ مکمل کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دلائی، ہم یہاں کے عوام کو روزگار دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے ایف سی آر کا نظام ختم کیا، گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ دینا ہے، جی بی کے نمائندے کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بٹھانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کے دروازے پر ہے، افسوس جی بی کو پوچھنا پڑ رہا ہے کہ سی پیک کہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سب سے پہلے گلگت بلتستان میں شروع ہونا چاہیے تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جی بی کے عوام کی محنت کی وجہ سے پی پی کامیاب ہوئی۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ سی پیک میں جی بی کے لوگوں کو پہلے فائدہ ملنا چاہیے، ہم یہاں کے عوام کو حق ملکیت دلوانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سمیت تمام منصوبوں میں جی بی کے عوام کو روزگار دیں گے۔