شاعر مشرق نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو شعور و آگہی دی، عبدالعلیم خان

November 09, 2020

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے برصغیر کے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو شعور و آگہی دی۔

پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی تعلیمات سے نوجوان نسل کو خواب خرگوش سے بیدار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری نے اس خطے کے مسلمانوں میں نئی روح پھونک دی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے بھی علامہ اقبال ڈے پر پیغام جاری کیا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی علامہ محمد اقبال کے گرویدہ ہیں۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ نئی نسل کو علامہ اقبال کی زندگی اور تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نوجوانوں کے لیے ایک رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں۔