کورونا کے دوران کام اسپتال میں کام کرنے جیسا ہے، سیف علی خان

November 13, 2020

بالی وڈ کے نواب سیف علی خان نے کورونا وائرس کے دوران فلموں کی شوٹنگ کرانے والے اداکاروں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکار تعریف کے مستحق ہیں کیونکہ کورونا کے دوران کام کرنا بالکل اسپتال میں کام کرنے جیسا ہے۔

ایک انٹرویو میں سیف علی خان نے کہا کہ اداکار فیس ماسک نہیں پہن سکتے اور اس وقت فلم سیٹس بہت ہی خطرناک جگہ ہے۔ میں نے زیادہ تر جن لوگوں کے ساتھ کام کیا انہوں نے حفاظتی اقدامات سے متعلق بہت کوششیں کیں۔

سیف علی خان نے مزید کہا کہ لوگ بہت کوشش کر رہے ہیں لیکن خطرہ پھر بھی ہے۔ یہ مشکل وقت ہے اور انہیں لگتا ہے کہ یقینی طور پر اداکار تعریف کے مستحق ہیں۔

سیف علی خان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہم خاموشی سے 6 ماہ گھروں میں بیٹھے۔ اس دوران ہم نے اپنی زندگی ضائع کیں اور وقت کھویا لیکن اب جب حکومت کہہ رہی ہے کہ باہر نکل کر کام کر کے معیشت کو سپورٹ کیا جائے تو ایسے میں ہم ایک مرتبہ پھر فرنٹ لائن پر ہیں۔

سیف علی خان نے کہا کہ فلمی دنیا بہت ہی زیادہ خطرے والا پیشہ ہے جو کہ بالکل اسپتال میں کام کرنے کی طرح ہے۔

بالی وڈ فلم بھوت پولیس کی شوٹنگ جاری ہے جس میں سیف علی خان ،ارجن کپور، جیکلین فرنینڈس اور یامی گوتم شامل ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ مکمل اور ریلیز کے حوالے سے اب تک کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔