میڈیکل اسٹوڈنٹس کا آدھا سال ضائع ہو گیا: ڈاکٹر قیصر سجاد

November 13, 2020

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کہتے ہیں کہ میڈیکل اسٹوڈنٹس کا تقریباً آدھا سال تو ضائع ہوگیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ ابھی تک انٹری ٹیسٹ کے لیے امتحانی بورڈ نہیں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 15 نومبر کو داخلہ امتحانات کیسے ہوں گے؟ انٹری ٹیسٹ کا نصاب ملک کے تمام طلباء کے کورس سے مطابقت نہیں رکھتا۔

پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ پچھلے سال ایم بی بی ایس کرنے والے ابھی تک رجسٹر نہیں ہو سکے ہیں، 15ہزار ڈاکٹرز کی رجسٹریشن نہیں ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتِ حال میں زیادہ سے زیادہ ڈاکٹرز کی خدمات لی جا رہی ہیں۔

سیکریٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر سجاد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے ہاں رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے ہزار ڈاکٹرز گھروں پر بیٹھے ہیں۔