پاک، افغان، وسطِ ایشیاء مضبوط تجارتی روابط چاہتے ہیں: اسد قیصر

November 13, 2020

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان، افغانستان اور وسطِ ایشیاء کے درمیان مضبوط تجارتی روابط ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سی پیک منصوبوں میں پارلیمنٹ کا کردار کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور اس سے خطاب بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ خطہ معاشی سرگرمیاں کا مرکز ہوتا تھا، دہشت گردی کی وجہ سے اس خطے میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کا نیا دور شروع کر رہے ہیں، دسمبر میں وفد کے ساتھ افغانستان جاؤں گا۔

اسد قیصر کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے لوگوں کو پہلی دفعہ وفاق کے منصوبے میں حصہ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے بعد یہ خطہ معاشی سرگرمی کا مرکز ہو گا، سی پیک میں خیبر پختون خوا کا بنیادی حصہ ہو گا۔


قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا تقریب سے خطاب میں مزید کہنا ہے کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سی پیک کے منصوبوں سے عوام کو فائدہ ہو، ہم سی پیک کے منصوبوں میں مختلف ممالک کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔