گلگت بلتستان عوام کے حق حاکمیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، بلاول

November 15, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اسماعیلی کمیونٹی اور شیعہ امامیہ کونسل کےوفد نے نعیم اللہ خان اور ڈاکٹر ہدایت کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے گفتگو میں کہاکہ آپ کی پارٹی نے گلگت کے عوام کی بہت خدمت کی ہے جسے بھلایا نہیں جاسکتا، آپ نے جس انداز میں دنیا بھر میں گلگت بلتستان کو متعارف کرایا ہے اسماعیل کمیونٹی آپ کی ممنون ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نےگفتگو میں کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت ، حق ملکیت اور حق روزگار کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کا منشور ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے منتخب نمائندے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہوں۔وفد نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہو تاکہ گلگت بلتستان ترقی کرے اور آپ اپنے منشور پر عمل کر سکیں ۔علاوہ ازیں مظفر عباس کی قیادت میں شیعہ امامیہ کونسل کے وفد نے بھی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔وفد میں ڈاکٹر ہدایت، شرف الدین، حاجی صفدر ودیگر موجود تھے۔ وفد نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت کی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے گلگت بلتستان کا طویل دورے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زردار ی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سرزمین پر ہمارے شہداء بھی ہیں اور غازی بھی، انشاء اللہ 16 نومبر کا سورج پی پی پی اور عوام کی کامیابی کے ساتھ طلوع ہوگا۔