طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے سی ای او پی آئی اے کی ملاقات

November 15, 2020

قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک نے طیارہ حادثے میںجاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کرکے حادثے کے بعد سے اب تک کے اقدامات پر بریفنگ دی، جبکہ ملاقات میں ابھی تک بچے ہوئے سامان کی حوالگی پر گفتگو بھی کی گئی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سی ای او کی لواحقین سے ملاقات میں انشورنس کلیم کی رقم 1 کروڑ سے بڑھا کر 5 کروڑ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ کلیم کی رقم بڑھانے کے لیے انشورنس کمپنی سے دوبارہ بات کی جائیگی۔

ارشد ملک نے کہا کہ حادثے کے باعث زمین پر ہوئے نقصانات کی ادائیگی کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لواحقین جانشینی سرٹیفیکیٹ جلد جمع کروائیں، تاکہ انشورنس کی ادائیگی ہوسکے۔

سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے تمام ملکی قوانین کا احترام کرے گی۔