سید مراد علی شاہ کی کراچی کنگز کو مبارکباد

November 18, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی کنگز کو پاکستان سپر لیگ 5 ( پی ایس ایل ) کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے ۔

سید مراد علی شاہ نے کراچی کنگز کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم، ٹیم کے مالک اور کراچی کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، کراچی کنگز کی جیت سندھ کے عوام کی فتح ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا شاندار طریقے سے ہونا کرکٹ کی فتح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اس موقع پر لاہور قلندرز کی جذبے کی بھی قدر کرتا ہوں، لاہور قلندرز نے بھی اچھی کرکٹ کھیلی میں ان کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔


وزیراعلیٰ سندھ کا عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق کہنا تھا کہ اللّٰہ پاک کوویڈ19 سے نجات دلائے، ہم کراچی کو کرکٹ کا شہر بنائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کنگز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے فائنل میں لاہور قلندرز کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بن گئی تھی۔

بابر اعظم لاہور قلندرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور کراچی کنگز کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا چیمپئن بنوادیا تھا۔