چیف الیکشن کمشنر GB کو فوری مستعفی ہونا چاہیئے، چوہدری منظور

November 20, 2020


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور کہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان منصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہوگئے، انہیں فوری مستعفی ہونا چاہیئے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور کا کہنا ہے کہ قانونی راستہ کھلا ہے، لیکن احتجاج کا راستہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج ہمارا حق ہے، ہمارے سامنے الیکشن چوری ہوئے ہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ایس او پیز کے ساتھ جلسے کرے گی۔

چوہدری منظور کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے کے پی کے اور راولپنڈی میں جلسہ کیا تو کیا کورونا وائرس نہیں تھا؟ حکومت کورونا وائرس کو پی ڈی ایم کی تحریک روکنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ حکومت کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے، یہ حکومت بیماری کی طرح سرایت کر گئی ہے، اس کا جانا بہت ضروری ہے۔