مشیر خزانہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت

November 24, 2020

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے صوبائی حکومتوں اورتمام متعلقہ حکام کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کور وکنے کیلئے فوری طورپرفعال اورموثراقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہول سیل اورریٹیل کی سطح پر منافع کی شرح میں کمی لانے اوراشیائےضروریہ کومعقول نرخوں لانے اور عام آدمی تک رسائی کے عمل کی مکمل نگرانی کی جائے، پیر کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آٹا، گندم، چینی، ٹماٹر، پیاز،بناسپتی گھی، آلو، مرغی اوردیگرضروری اشیا کی قیمتوں کاہفتہ وار بنیادپرجائزہ لیاگیا، سیکرٹری خزانہ نے قیمتوں کے رحجان کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان بیوروآف شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق آٹاچینی اورپیازکی قیمتوں میں کمی،ٹماٹر، آلو اورچکن کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کارحجان پایا جارہاہے، گھی کی قیمتیں مستحکم ہیں، مشیر خزانہ نے صوبائی چیف سیکرٹریز سے ان کے متعلقہ صوبوں میں چینی اورگندم کے سٹاک بارے گفتگو کی، اجلاس کوبتایاگیا کہ ملک بھرمیں اشیائےخوراک کی معقول مقدارموجودہے،چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ صوبہ میں آٹا اورچینی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ، مرغی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہواہے ، چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ ٹماٹرکی قیمت میں اتارچڑھائودیکھنے میں آرہاہے تاہم آنیوالے ہفتوں میں قیمتوں میں استحکام آئیگا،انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں 360 سہولت بازار قائم ہیں ،حکومت پنجاب پالیسی کے مطابق گندم ریلیز کررہی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوانے بتایا کہ صوبائی حکومت روزانہ 5 ہزارٹن گندم ریلیز کررہی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں فی بوری آٹا کی قیمت میں 20 روپے سے لیکر30 روپے تک کی کمی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹماٹرکی مقامی پیداواربھی مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئی ہے توقع ہے کہ آنیوالے ہفتوں میں ٹماٹرکی فراہمی میں اضافہ ہوگا جس سے قیمتوں میں واضح کمی آئیگی۔پنجاب اورسندھ کی حکومت نے گنے کے کرشنگ سیزن کے بارے میں اجلاس کوآگاہ کیا اورکہاکہ اس سے آنیوالے دنوں میں چینی کی قیمتوں میں کمی اوردستابی مزید بڑھ جائیگی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی نے کمیٹی کوبتایا کہ ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹوروں پرچینی اورآٹاکا معقول سٹاک موجودہے اورشہریوں کورعایتی نرخوں پریہ اشیافراہم کی جارہی ہیں۔