حکومت اوستہ محمدگنداخہ تحریک کے مطالبات تسلیم کرے،جماعت اسلامی

November 24, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی اور جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن بلوچ نے صوبائی حکومت سے اوستہ محمد گنداخہ تحریک کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ 15 دن سے پریس کلب کے سامنے حقوق کے حصول کے لئے احتجاج پر بیٹھے مظاہرین کے ساتھ کسی حکومتی عہدیدار نے اب تک اظہار یکجہتی کیا اور نہ ان کے مسائل سنے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اوستہ محمد گنداخہ کو بنیادی حقوق دو تحریک کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے موقع پر خطاب میں کیا ۔ ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ آج کے جدید دور میں بھی جعفرآباد کے لوگ بنیادی حقوق کے حصول کے لئے سینکڑوں کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرکے کوئٹہ میں آکر احتجاج پر بیٹھے ہیں ، حیرت کی بات ہے کہ جس علاقے کے عوامی نمائندے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور صوبائی و وفاقی وزراتوں پر فائز رہے ہوں وہاں کے لوگوں کو بنیادی حقوق کے لئے 12 دن تک پیدل سفر کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے جب جعفرآباد کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے دورہ سوڈان کے موقع پر بھی اس طرح کی خستہ حال سڑکیں نہیں دیکھی تھیں۔اس موقع پر بشیر احمد ماندائی نے کہا کہ وہ بہت جلد اوستہ محمد اور گنداخہ کا دورہ کریں گے اور وہاں کے لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔