10 ہزار طلباء آئی ٹی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ‘معاون خصوصی

November 24, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی زیر صدارت خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ورک فورس متعارف کرنے کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خیبرپختونخوا داؤد خان، مینیجنگ ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر علی محمود اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت 263 کالجز میں ہمارے ساتھ تقریباً 10 ہزار طلباء انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جنہیں جدید دور کی ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلی تعلیم انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ مل کر کمپیوٹر سائنس کے طلباء پر مشتمل ڈیجیٹل ورک فورس تیار کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی برائے اعلی تعلیم کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے ایک میٹنگ رکھی جائے تاکہ اس حوالے سے ہونے والے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری کالجز اب منی یونیورسٹیز بن چکے ہیں لہذا جامعات کے ساتھ ساتھ یہاں پر بھی زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر نے معاون اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور ضیاء اللہ بنگش کو بریفنگ دی۔