لاہور: CTD تھانے پر حملہ ناکام، مبینہ دہشتگرد ہلاک

November 24, 2020

لاہور کے برکی روڈ پرواقع انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے پر دہشت گرد کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق ایک دہشت گرد نے تھانے میں گھسنے کی کوشش کی اور فائرنگ بھی کی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

سی ٹی دی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مذکورہ دہشت گرد کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ، 1 خودکش جیکٹ اور پسٹل برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہشت گرد کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، اس کی شناخت کی کوششیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا واقعے سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر کڑی نظر رکھی جائے، شہری مشکوک سرگرمی اور افراد کی فوری اطلاع 15 پر دیں۔