مائیک ٹائی سن رائے جونز سے لڑنے کے لیے تیار

November 24, 2020

معروف امریکی باکسر مائیک ٹائی سن ایک مرتبہ پھر باکسنگ رنگ میں اترنے کے لیے تیار ہیں جس کے لیے انھوں نے اپنا 100 پونڈ وزن بھی کم کرلیا ہے۔

مائیک ٹائی سن رائے جونز سے لڑنے کے لیے تیار ہیں اور ایک ٹی وی انٹرویو میں شرٹ اتار کر اپنی باڈی دکھادی۔

باکسنگ کی دُنیا کے لیجنڈ باکسر مائیک ٹائی سن کے مداح ایک بار پھر اپنے فیورٹ باکسنگ کو رنگ میں ایکشن میں دیکھنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

وہ 28 نومبر کو لاس اینجلس میں آٹھ راؤنڈ کے نمائشی مقابلے میں ایک اور نامور سابق باکسر رائے جونز جونیئر کے مدمقابل آرہے ہیں۔

صدی کے سب سے عظیم باکسر محمد علی کے بعد جس باکسر نے شائقین باکسنگ کی توجہ حاصل کی وہ مائیک ٹائی سن ہیں۔

1980 اور 1990 کی دہائی میں باکسنگ رنگ میں ان کے سامنے کوئی نہیں ٹھہر پاتا تھا۔

پروفیشنل کیریئر شروع کرنے کے پانچ سال بعد اُنہیں اپنے 38ویں مقابلے میں پہلی مرتبہ شکست بسٹر ڈگلس کے ہاتھوں ہوئی تھی۔

انھوں نے 38 برس کی عمر میں باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، جبکہ انھوں نے اپنا آخر مقابلہ سال 2005 میں لڑا تھا۔

اُن کے حریف 51 سالہ رائے جونز جونیئر بھی 1990 کی دہائی میں اپنی کیٹگری کے نامور باکسر رہے ہیں۔

تاہم اب باکسنگ شائقین کو انتظار ہے کہ اس نمائشی ٹاکرے میں کون فاتح ہوتا ہے۔