کچن گارڈننگ منصوبہ، پچاس شہریوں میں باغبانی کے سٹیل ریک تقسیم

November 25, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) آر ڈی اے نے نجی ادارے بہبودکی مدد سے راولپنڈی میں کچن گارڈننگ منصوبے کے تحت مزید پچاس شہریوں میں کچن باغبانی کے سٹیل ریکس تقسیم کیے۔ اس سلسلے میں ٹیپو روڈ راولپنڈی میں تقریب کا انعقاد ہوا، چیئرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضیٰ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر انہوں نےکہا کہ تحریک انصاف حکومت کا بنیادی ایجنڈا لوگوں کی زندگی اور معاشرتی حیثیت کو بہتر بنانا ہے، پاکستان میں سماجی شعبے کے ان چھوٹے بڑے منصوبوں کا مقصد لوگوں کو روزگار کی فراہمی ہے تاکہ ذریعہ معاش کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں قدرتی طریقہ سے اگائی گئی معیاری سبزیاں میسر ہوں جس سے ان کی صحت میں بہتری آئے گی اور ان کے اخراجات بھی کم ہوں گے، انہوں نے کہا کہ آرڈی اے غریب لوگوں کی مدد اور سہولیات جاری رکھنے کی کوشش کرے گا۔