سکولوں کو بہتر چلانے کیلئے پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تجویز ہے‘صوبائی وزیر

November 25, 2020

پشاور(نیوزڈیسک) غریب مزدوروں، فیکٹری ورکرز کے بچوں کو بہترین تعلیمی اداروں میں سکالرشپ دے کر تعلیمی میدان میں آگے لے کر آئیں گے۔ کوشش ہے کہ مزدور کا بچہ بھی بیرون ملک تعلیم حاصل کرے اس سلسلے میں تعلیمی وظائف کا اجرا کریں گے اور مختلف یونیورسٹیوں سے تجاویز طلب کر رہے ہیں تاکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے وظائف کے طریقہ کار میں تبدیلی لاکر اس کو میرٹ اور معیار کے عین مطابق ڈھال سکیں۔ محکمہ لیبر اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی تشکیل دے۔ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت دیئے جانے والے تعلیمی وظائف کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے بلائے گئے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مشاورتی اجلاس سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ تعلیمی وظائف پر خطیر رقم خرچ کر رہا ہے اس لیے تعلیمی معیار کو جدید دور کے تقاضوں کے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی ترجیحات میں تعلیم کو اولین حیثیت حاصل ہے اور صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ مزدور کا بچہ بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو جس کے لیے ان کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں لائحہ عمل بنانے کے لیے کالجوں اور یونیورسٹی کے نمائندوں سے تجاویز بھی طلب کیں۔ورکنگ فوکس گرائمر سکولوں کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ان سکولوں کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تجویز بھی زیر غور ہے۔