بینک الفلاح کے زیر اہتمام دبئی میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف

November 27, 2020

کراچی (جنگ نیوز )دبئی میں ایک خصوصی تقریب کے دوران غیر رہائشی پاکستانیوں کے لئے بینک الفلاح کے چیئرمین ہائی نس شیخ مبارک النہیان نے حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی کاوشوں سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرایا۔اس موقع پر شیخ النہیان نے کہا متعدد اہم اقدامات کے باعث پاکستان کو ابھرتا ہوا بین الاقوامی مالیاتی خدمات کے ایک مرکز کے طور پر تسلیم کیاگیا ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو ایک منفرد ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اعلی مالیاتی نیٹ ورک کے حامل افراد کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ایسی پروڈکٹ ہے جو دنیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں پاکستان کی معیشت کی موجودہ اور مستقبل کیلئے بنیادی پیشرفت ثابت ہو گی۔ ایک ایسی معیشت جہاں سرمایہ کار نہ صرف آج بلکہ مستقبل کے لئے بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر بھی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔ انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے خیال پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے وژن اور مشن کے بارے میں بات کی جو مذکورہ پروڈکٹ کے ذریعےخاص طور پر دنیا بھر کے غیر مقیم پاکستانیوں کو فراہم کیا گیا ہے۔ڈاکٹر رضا باقر نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانے پر بہت خوشی ہے۔ یہ قابل واپسی کھاتہ ایک سے زیادہ کرنسی کی پیش کش کے ساتھ مادی موجودگی کے بغیر کھولا جاسکتا ہے جو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کے عروج کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان کی بینکاری تاریخ میں پہلی بار غیر رہائشی پاکستانیوں کو اسٹاک مارکیٹ ، رئیل اسٹیٹ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا موقع ملے گا جو امریکی ڈالر اور پاکستان روپے میں پرکشش منافع پیش کرتا ہے۔