آرڈی اے کے سپرنٹنڈنٹ پلاننگ کی گرفتاری پر ملازمین کا احتجاج

November 27, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) آرڈی اے کے سپرنٹنڈنٹ پلاننگ شفقت شاہ کی دفتر سےدوران ڈیوٹی گرفتاری پر سٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے پلاننگ اور بلڈنگ کنٹرول شعبوں کےکمروں کو تالے لگا دیئے اور دفتر کے باہر گیٹ پر احتجاج کیا،ڈی جی آرڈی اے کی حکام سے بات چیت کے بعد سپرنٹنڈنٹ کو چھوڑ دیا گیا۔ جمعرات کی دوپہر محکمہ اینٹی کرپشن کا عملہ آرڈی اے کے پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کےسپرنٹنڈنٹ شفقت شاہ کو اپنے کمرے سے اس وقت پکڑ کر لے گیا جب وہ آڈٹ پیرز کے جواب تیار کروا رہے تھے ، آرڈی اے ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ارشد کا کہنا تھا کہ ادارے کے سربراہ کی اجازت کے بغیر ملازم کی گرفتاری درست اقدام نہیں اگر کوئی کیس ہے تو وہ معمول کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن میں پیش ہو رہے ہیں ۔ اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس جنید تاج بھٹی نے آکر ملازمین کو بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے عمارہ خان کی متعلقہ حکام سے بات ہو گئی ہے لہٰذا وہ شفقت شاہ کو چھوڑ رہے ہیں جس پر ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا ۔