خیبر پختونخواکابینہ کی قائمہ کمیٹی کاٹینڈرنگ کے متعلق اجلاس

November 27, 2020

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر قانون وپارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری محکموں کے ٹھیکے دینے اور ٹینڈرنگ کے عمل میںہر صورت شفافیت، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام مسائل جلد حل کیے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے پبلک سیکٹر کے ٹھیکیداروں کو سرکاری محکموں کے ٹھیکے دینے اور ٹینڈرنگ کے متعلق خیبر پختونخواکابینہ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسف زئی ، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹری اعجاز انصاری، محکمہ آبنوشی کے چیف انجینئر عبد السمیع کے علاوہ متعلقہ محکموں کے دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پبلک سیکٹر کے ٹھیکیداروں کو سرکاری محکموں کے ٹھیکے دینے بارے لائحہ عمل اور مختلف پہلوؤں سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی بحث ہوئی۔ اس موقع پر وزیر قانون سلطان محمد خان اور وزیر محنت وثقافت شوکت یوسف زئی نے ہدایت کی کہ تمام محکموں میں شفافیت یقینی بنانا موجود حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لئے سرکاری محکموں کے ٹھیکے دینے اور ٹینڈرنگ میں شفافیت پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔منصوبوں کو معیار کے مطابق بروقت تکمیل کوبھی یقینی بنانا ہوگا بصورت دیگر متعلقہ حکام کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔