عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما بابا جان 9 برس بعد جیل سے رہا

November 28, 2020


عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما بابا جان سمیت دیگر ساتھیوں کی سزائیں معطل کر دی گئیں اور انہیں 9 برس بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما بابا جان کے ساتھ رہا ہونے والوں میں ان کے دو ساتھی افتخار کربلائی اور شکراللّہ بیگ عرف مٹھو بھی شامل ہیں۔

بابا جان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ یہ رہائی وادیٔ ہنزہ میں اکتوبر کے ماہ میں 7 روزہ دھرنے کے بعد ہونے والے مذاکرات کا نتیجہ ہے۔

اہلِ خانہ نے کہا کہ نگران حکومت نے 14 سیاسی کارکنوں کی 30 نومبر سے پہلے رہائی کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد دھرنا ختم کیا گیا۔

جیل سے رہائی کے بعد بابا جان اور ان کے 2 ساتھی ہنزہ میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں جہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے اُن کا استقبال کیا۔

اہل خانہ کے مطابق تمام 14 قیدیوں کی رہائی مرحلہ وار عمل میں آئی ہے۔

واضح رہے کہ بابا جان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو 2011ء میں عطاء آباد جھیل کے متاثرین کے اجتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالت نے گرفتار ہونے والے افراد کو 40 سال سے 90 سال تک کی قیدِ بامشقت کی سزائیں سنائی تھیں۔

سزاؤں کے خلاف ملزمان نے نظرِثانی کی اپیل دائر کی تھی جس کے بعد عدالت نے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔